کراچی،31جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خوشخبری دے رہا ہوں کہ ہم نئے پاکستان کا میچ جیت چکے ہیں۔۔۔ نئے پاکستان میں زندگی کے تمام شعبہ جات میں اصلاحات لائی جائیں گی، کارآمد پالیسیوں پر عمل درآمد ہوگا، جس سے سب سے لیے بہتری اور ترقی کی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسے پاکستان کا خواب دیکھ رہے ہیں جہاں غربت کا خاتمہ ہوگا؛ ملک مثالی ترقی کرے گا؛ اور لوگ سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کو ترجیح دیں گے؛ سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج میسر ہوگا، اسپیشلائزیشن کی سہولیات صرف نجی اسپتالوں تک محدود نہیں رہیں گی۔
عمران خان نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں اپنی پارٹی کی جانب سے یوم تشکر کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا، جس میں اُنھوں نے آئندہ حکمتِ عملی کا تفصیلی اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں ایسا انصاف چاہتے ہیں جو مثالی ہو، اور احتساب کی ابتدا اور عمل درآمد بڑے لوگوں اور اعلیٰ ایوانوں سے شروع ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ سیاسی، معاشی اور مالیاتی اصلاحات کے نتیجے میں بیرون ملک سے لوگ پاکستان آئیں گے۔ اس ضمن میں، اُن کا کہنا تھا کہ نیب اور ایف آئی اے کے ادارے خودمختار ہوں گے؛ پولیس کا نظام بہتر بنایا جائے گا، جس کے نتیجے میں بیرونی سرمایہ کار پاکستان آئیں گے۔انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ پاکستان کو کسی کے آگے جھکنے نہیں دیں گے۔ میریٹ کا نظام لایا جائے گا، جو تمام اداروں میں رائج ہوگا۔انھوں نے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جو48گھنٹے کے مختصر نوٹس پر اتنی بڑی تعداد میں اور سخت گرمی کے باوجود گھنٹوں سے جلسہ عام میں موجود رہے۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ آج پاکستان کے عوام ملک کے مسائل سے آگاہ ہیں اور یہ کہ آج وہ ایک زندہ قوم کو اپنے سامنے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے جلسے میں آنے والی خواتین کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس قوم کی خواتین جاگ اٹھی ہوں انہیں ترقی کی راہ سے کوئی روک نہیں سکتا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی والدہ کو بھی یاد کیا اور کہا کہ ان کی شخصیت بنانے میں ان کی والدہ کا سب سے بڑا کردار ہے۔رشوت اور بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے، عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے بعد، اب آصف علی زرداری کی باری ہے۔